لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن(لبرا) کے زیر اہتمام صحافتی خدمات، حقوق و مسائل پر شاندار تاریخی "لوکل باڈیزجرنلسٹس کنونشن " کا انعقاد

لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن(لبرا) کے زیر اہتمام صحافتی خدمات، حقوق و مسائل پر شاندار تاریخی

کراچی(اسٹاف ربوٹر) لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن(لبرا) کے زیر اہتمام صحافتی خدمات کے اعتراف، صحافتی اصلاحات، پیشہ ورانہ حقوق اور صوبہ سندھ خصوصاً شہر کراچی کی ترقی میں میڈیا کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے "لوکل باڈیز جرنلسٹس کنونشن" کا تاریخی اجتماع سوک سینٹر کراچی کے سیمینار حال میں منعقد ہوا۔ لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن (لبرا) کے زیر اہتمام اس کانفرنس میں صوبہ سندھ بھر کے صحافی نمائندوں، میڈیا اسکالرز اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کنونشن کی نظامت اور میزبانی کے فرائض لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن (LBRA) کے سرپرست اعلی شہزاد چغتائی، صدر تنویر سید، چیئرمین ندیم صدیقی،جنرل سیکرٹری عمران علی شاہ، سیکرٹری انفارمیشن سید رضوان جلالی،ڈاکٹر اسد،محمود حسن نے انجام دیے ۔کنونشن کے مہمان خصوصی وزیر اعظم پاکستان یوتھ افیئرز سندھ کے کوآرڈینیٹر فہد شفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ "صحافی ملک و قوم کی نظریں اور کان ہیں، ان کے مسائل کے حل کے بغیر شفاف اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ ممکن نہیں۔" انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانے کے لیے مربوط پالیسی پر فوری عملدرآمد ضروری ہے، انہوں نے وزیر اعظم پاکستان یوتھ افیئرز سندھ کی جانب سے صحافیوں کے بچوں کے لیے لیپ ٹاپ خصوصی اسکیم کا بھی اعلان کیا۔ چینل 5 ٹی وی کے روحِ رواں خالد آرئیں نے کہا کہ "آج کے دور میں صحافی نہ صرف خبر رساں بلکہ قومی تعمیر کے معمار ہیں، انہیں کام کرنے کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول درکار ہے۔" کراچی پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران نے صحافیوں کے خلاف ہونے والی زیادتیوں کے خلاف اجتماعی آواز اٹھانے اور صحافتی اتحاد کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر تنویر سید نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی اداروں کی جانب سے بلدیاتی صحافیوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے، اور بعض اوقات ان کے خلاف انہیں ہراساں کرنے کے لیے قانونی نوٹسز اور بے جا قانونی کارروائیاں بھی کی جاتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ بلدیاتی اداروں اور مقامی میڈیا کے درمیان باہمی احترام اور تعاون کا شدید فقدان ہے، اس کمی کو دور کرنے کے لیے باہمی کوئی موثر فارمولہ یا نگراں رابطہ کمیٹی تشکیل دی جانا چاہیے تاکہ پیشہ ورانہ درپیش مسائل پر بروقت و موثر اقدامات کیے جا سکیں، لبرا کے سرپرست اعلیٰ شہزاد چغتائی نے کہا کہ یہ اجتماع صرف تقریریں کرنے کے لیے نہیں بلکہ عملی اقدامات کا نقطہ آغاز ہے۔ سینئر صحافی فیصل راجپوت نے اپنے خطاب میں بتایا کہ جب میں دل کے عارضے میں مبتلا اسپتال میں داخل ہوا تو میرے دل کے آپریشن کے وقت میرے ساتھ ہمدردی اور میری ڈھارس کے لیے (LBRA) اسپتال میں موجود رہی، اس میں کوئی شک نہیں کہ لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن واقعی صحافیوں کی ہمدرد اور نمائندہ جماعت ہے۔ کنونشن کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے لیے جامع تحفظی قانون فوری طور پر نافذ کیا جائے، پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بڑھائے جائیں، اور میڈیا مالکان کو صحافیوں کے معاشی حقوق دینے پر آمادہ کیا جائے۔ کراچی کے بلدیاتی مسائل پر خصوصی مکالمے میں شہر کی ٹرانسپورٹ، پانی، صفائی اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں میڈیا کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق ڈی جی کے ڈی نوید انور،کے ڈی اے لیبر یونین یونٹ کے چیف سید عمران جعفری،محمد عبدالمعروف،پیپلزلیبر بیرو کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف، سمیت دیگر مزدور رہنما عمر شاہ، عبدالمتین بھی موجود تھے، کنونشن میں سینئر صحافی و ملک کے معروف دستاویزی فلم ساز ادارے "دی امیجز پاکستان پروڈکشن" کے سی ای او شہزاد علی شاہ، چینل فائیو کے کامران زہری، سندھ اسمبلی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عارف ہاشمی، سینئر صحافی جہانگیر سید، سانول شیخ، میٹرو نیوز چینل کے امیر حیدر چانڈیو، تحسین عباسی،عدنان غوری،اسلم خان، محمود الحسن، اسد اللہ صدیقی،تحسین کمال، اعجاز لودھی، فاضل، محمداشتیاق، عدیل احمد، محمد نعیم بیگ،ملک منور،فرحان ہاشمی، اسد ملک، محمد ناصر، فوٹو جرنلسٹ ابوالحسن،محمد جنید، وقار چوہان، جبکہ لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے تمام اراکین و عہدیداران نے بھی کنونشن کے اجتماع میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے متفقہ طور پر ایک عملی عمل کا منصوبہ منظور کیا، جس میں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ معیارات کی بلندی، اور میڈیا کے ذریعے مثبت سماجی تبدیلی لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔