ایران پر ٹرمپ کے بیان پر چین کا دوٹوک ردعمل، بیرونی مداخلت مسترد

چین نے ایران کے داخلی معاملات پر امریکی دباؤ اور دھمکیوں کی سخت مخالفت کردی۔

ایران پر ٹرمپ کے بیان پر چین کا دوٹوک ردعمل، بیرونی مداخلت مسترد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق سخت بیان پر چین کی جانب سے واضح ردعمل سامنے آگیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ چین کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت کی سخت مخالفت کرتا ہے اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کو تسلیم نہیں کرتا۔ یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کے خلاف کارروائیوں پر سخت ردعمل کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایران نے مظاہرین کو پھانسی دی تو امریکا “بہت سخت کارروائی” کرے گا۔ ٹرمپ نے ایران کی صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے مظاہرین کو احتجاج جاری رکھنے اور جلد مدد آنے کا پیغام بھی دیا تھا۔ چین کے بیان کو خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔