خلیجی ممالک نے ایران پر ممکنہ امریکی حملے کو عالمی معیشت اور تیل کی منڈی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قطر اور اومان نے ایران پر امریکی فوجی کارروائی کی سخت مخالفت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان ممالک نے پسِ پردہ امریکا میں بھرپور لابنگ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران پر حملہ عالمی آئل مارکیٹ میں شدید ہلچل پیدا کرے گا، جس کے منفی اثرات براہِ راست امریکی معیشت تک پہنچیں گے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ ایران، امریکا کشیدگی کے دوران یہ عرب ممالک بظاہر خاموش نظر آئے، تاہم سفارتی سطح پر وہ سرگرم رہے اور واشنگٹن پر دباؤ ڈالتے رہے کہ فوجی اقدام سے گریز کیا جائے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی حکام نے تہران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی تنازع کا حصہ نہیں بنیں گے اور امریکا کو ایران پر حملے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔
0 تبصرے