کچھ قوتیں سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہیں: بلاول بھٹو زرداری

کوئلہ یہاں کے عوام کا اثاثہ ہے، تھرپارکر میں اتنا کوئلہ موجود ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے,، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

کچھ قوتیں سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہیں: بلاول بھٹو زرداری

مٹھی (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا چاہتی ہیں اور ایک سازش کے تحت سندھ کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔ مٹھی میں این ای ڈی یونیورسٹی کے نئے کیمپس تھر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک خاص مقصد کے تحت تنقید کی جاتی ہے، یہ کہا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں کیا اور اختیارات اسلام آباد کو دے دیے جائیں، مگر ان قوتوں کو بہترین جواب تھرپارکر کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے سندھ میں کام کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت عوام دوست ہے اور ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام سے محبت کرتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تھرپارکر کی ترقی سندھ کی ترقی کے لیے ضروری ہے اور یہ پیپلز پارٹی کی ترجیح ہے، کوئلہ یہاں کے عوام کا اثاثہ ہے، تھرپارکر میں اتنا کوئلہ موجود ہے جتنا سعودی عرب کے پاس تیل ہے، مگر آپ کو اپنے وسائل استعمال کرنے نہیں دیے گئے۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے جب کام شروع کیا تو سازش کے تحت انہیں روکا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2008 سے آج تک سندھ میں یونیورسٹیوں کی تعداد دوگنی کر دی ہے، کوئی اور صوبہ اس معاملے میں سندھ کا مقابلہ نہیں کر سکتا، اور تھرپارکر کے عوام تعلیم حاصل کر کے ترقی کریں گے۔