آسٹریلوی کپتان ایلیسا ہیلی کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلوی کپتان ایلیسا ہیلی کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ویمن ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر ایلیسا ہیلی بھارت کے خلاف آئندہ سیریز کے بعد ہر فارمیٹ کی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گی۔ 35 سالہ ایلیسا ہیلی نے 2010 میں ڈیبیو کیا اور 295 بین الاقوامی میچز میں سات ہزار سے زائد رنز بنائے، جبکہ وکٹوں کے پیچھے 275 شکار بھی کیے۔ ایلیسا ہیلی کو 2023 میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت سونپی گئی، وہ 8 آئی سی سی ٹائٹلز جیتنے والی کینگروز ٹیم کا حصہ بھی رہیں۔ واضح رہے کہ ایلیسا ہیلی آسٹریلوی مینز ٹیم کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی اہلیہ ہیں۔ اپنے بیان میں ایلیسا ہیلی نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف سیریز کے بعد ریٹائر ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا: "میں اب بھی آسٹریلیا کے لیے کھیلنے کا جذبہ رکھتی ہوں، لیکن شاید مقابلے کی شدت اب باقی نہیں رہی، اس لیے یہ ریٹائرمنٹ کا بہترین وقت ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ نہیں رہیں گی، تاہم ہوم گراؤنڈ پر بھارت کے خلاف آخری بار ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔