سندھ کابینہ اجلاس، سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری

سندھ کابینہ اجلاس، سرکاری ملازمین کے لیے خوشخبری

کراچی (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل میمن نے خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ سیکریٹریٹ، وزیرِاعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کے ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس کی تجویز منظور کر لی گئی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جن میں تعلیم، ثقافت، سیکیورٹی، انفراسٹرکچر اور فلاحی منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کی عمارت کی تعمیر اور حیدرآباد میں ایک چرچ کی بحالی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ سیکریٹریٹ، وزیرِاعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس کے ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ آرکائیوز کے لیے 100 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے، جہاں سندھ کی ثقافت اور ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ سجاول اور شکارپور میں سڑکوں کی تعمیر کی منظوری دی گئی، جبکہ سندھ کابینہ نے فلڈ ایمرجنسی کے لیے 6.1 ارب روپے بھی منظور کیے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد–سکھر موٹروے کی تعمیر کے لیے زمین کی خریداری کی مد میں ایک ارب 13 کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔