پی ٹی آئی نے کراچی میں 9 مئی دہرانے کی کوشش کی، سندھ حکومت نے صبر کا مظاہرہ کیا: شرجیل میمن

پی ٹی آئی نے کراچی میں 9 مئی دہرانے کی کوشش کی، سندھ حکومت نے صبر کا مظاہرہ کیا: شرجیل میمن

کراچی (ویب ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کراچی کے دورے کے دوران ایک بار پھر 9 مئی جیسے واقعے کو دہرانے کی کوشش کی، سندھ حکومت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور کوئی مقدمہ درج نہیں کیا، ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا، 8 فروری کو پہیہ جام نہیں ہونے دیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ یہاں آئے، اطلاع ملنے پر سندھ حکومت نے ان سے رابطہ کیا، سیکیورٹی اور سہولیات کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے پہلے تھریٹ الرٹ آیا تھا، ہم نے اس لیے ظاہر نہیں کیا تاکہ کوئی اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ سید ناصر حسین شاہ نے پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کیا، ابتدا میں اچھے ماحول میں بات چیت ہوتی رہی، سعید غنی نے کے پی کے وزیرِاعلیٰ اور ان کے وفد کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پہلے دن بات چیت میں طے ہوا تھا کہ کچھ علاقوں میں جانا ہے اور کچھ میں نہیں جانا کیونکہ وہاں سیکیورٹی خدشات ہیں، لیکن ہماری روک کے باوجود وہ سینٹرل ڈسٹرکٹ گئے۔ اگر آپ چند گھنٹے پھنس گئے تو اس سے سندھ حکومت کو کیا فائدہ ہونا تھا؟ آپ کو چار گھنٹے ٹریفک میں پھنساکر ہمیں کیا حاصل ہوتا؟ سندھ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت زبانی طور پر پہلے ہی دے دی گئی تھی، اجازت نامہ ملنے کے پانچ منٹ کے اندر ہی پی ٹی آئی رہنماؤں کا بیان آگیا کہ وہ باغ جناح میں جلسہ نہیں کریں گے بلکہ سڑک پر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ باغ جناح میں جلسے سے قبل ٹریفک پولیس پلان تیار کرتی ہے، ناصر شاہ نے خیبرپختونخوا کے وزیرِاعلیٰ کو پیشکش کی تھی کہ اگر کسی چیز کی کمی ہے تو ہم پوری کر دیں گے، اگر مزید افراد درکار ہوں تو وہ بھی فراہم کر دیں گے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ان لوگوں نے ایک بار پھر 9 مئی جیسا واقعہ دہرانے کی کوشش کی، سندھ حکومت نے صبر و برداشت کا مظاہرہ کیا اور کوئی کیس درج نہیں کیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، میڈیا کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، خواتین صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، جو ان کی روایت ہے۔ یہ سب اس ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے جو آپ کے لیڈر نے آپ کے ذہنوں میں صرف انتشار اور بغاوت کی صورت میں پروان چڑھائی ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ ان کی اور ہماری سیاست الگ ہے، لیکن ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ سندھ حکومت 8 فروری کو پہیہ جام نہیں ہونے دے گی۔