کمشنر فیاض حسین عباسی کی قیادت میں حیدرآباد میں ہیریٹیج واک
حیدرآباد (رپورٹر)
ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے شہر کے شاندار تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے اور نئی نسل کو آگاہی دینے کے لیے ہیریٹیج واک کا اہتمام کیا گیا۔ کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید نور حسین سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان، طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ہیریٹیج واک کا مقصد دنیا کو حیدرآباد کی ثقافتی اہمیت سے آگاہ کرنا اور سیاحت کو فروغ دینا ہے، کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی۔
رپورٹ کے مطابق:
ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے شہر کے شاندار تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے اور نئی نسل کو آگاہی دینے کے لیے آج ایک ہیریٹیج واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کا باقاعدہ افتتاح کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے تاریخی بسنت ہال سے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید نور حسین سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔
ہیریٹیج واک میں شریک افراد نے بسنت ہال سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور شہر کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا، جن میں سیٹھ میٹھارام ہاسٹل، کے بی عظیم خان لائبریری، ریڈیو پاکستان حیدرآباد، ڈائل داس کلب اور اسسٹنٹ کمشنر آفس (سٹی) شامل تھے۔ قافلے نے ہیرانند بھیرو مل مینشن اور سندھ یونیورسٹی اولڈ کیمپس کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں شرکاء حیدر چوک کی تاریخی عمارتوں، کوہنور چوک، ریشم گلی، مکھي ہاؤس اور جھمت مل کمت رائے کی عمارت تک پہنچے۔ واک کے روٹ میں حسرت موہانی لائبریری، تالپور میروں کا حرم، پکا قلعہ، قدیم شاہی بازار اور کند بائی واٹر ٹراف بھی شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا کہ اس ہیریٹیج واک کا سہرا اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید نور حسین کے سر ہے جنہوں نے یہ مثبت اور قابلِ تحسین قدم اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ایک قدیم اور تاریخی شہر ہے جہاں تعلیمی ادارے اور ثقافتی مراکز ہماری شناخت ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا مقصد ان تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی تشہیر بھی کرنا ہے تاکہ دنیا کو حیدرآباد کی ثقافتی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے اور سیاحت کو فروغ ملے۔
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کہا کہ شہر میں برطانوی دور کی کئی اہم اور خوبصورت عمارتیں موجود ہیں جن کی دیکھ بھال محکمہ ثقافت کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سرگرمی کا آغاز عمارتوں کے فوٹوگرافی مقابلے سے ہوا تھا، جسے بعد ازاں ضلعی انتظامیہ نے ایک بھرپور ہیریٹیج واک کی شکل دی۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید نور حسین نے کہا کہ اس واک کا مقصد حیدرآباد کے تاریخی ورثے اور خوبصورت فنِ تعمیر کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اس کے ذریعے نئی نسل میں شعور پیدا کیا جائے تاکہ طلبہ اپنے شہر کی تاریخ اور ثقافت کو خود دریافت کر سکیں اور اس سے جڑے رہیں۔
ہیریٹیج واک میں شریک طالبات اور طلبہ نے ضلعی انتظامیہ کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج انہیں اپنے شہر کی تاریخ اور قدیم عمارتوں کے بارے میں بہت سی نئی معلومات حاصل ہوئی ہیں۔
0 تبصرے