کراچی میں پی ٹی آئی کا جلسہ روک دیا گیا، کورنگی میں اجازت دینے سے انکار

انتظامیہ نے ٹریفک مسائل کے خدشے کے باعث پی ٹی آئی کی کورنگی میں جلسے کی درخواست مسترد کر دی۔

کراچی میں پی ٹی آئی کا جلسہ روک دیا گیا، کورنگی میں اجازت دینے سے انکار

کراچی میں ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کورنگی میں جلسہ منعقد کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی کے مطابق مجوزہ جلسے کا مقام مرکزی شاہراہ پر واقع ہے، جہاں اجتماع کی صورت میں شدید ٹریفک خلل پیدا ہونے کا خدشہ ہے، اسی وجہ سے اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی متبادل مقام کا انتخاب کرے اور شرکاء کی متوقع تعداد سمیت دیگر ضروری تفصیلات فراہم کرے، جس کے بعد درخواست پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اپنے دورۂ سندھ کے سلسلے میں کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو سندھ آمد پر سرکاری پروٹوکول بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین اور پارٹی پارلیمنٹیرینز بھی موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سہیل آفریدی کا یہ دورہ اسٹریٹ موومنٹ کو مزید متحرک کرنے کے لیے اہم ہے۔ شیڈول کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آج ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی میں جیل میں قید کارکنوں سے ملاقات کریں گے، جبکہ 11 جنوری کو مزار قائد پر بڑے جلسے سے خطاب کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔