پاکستان کنزرٹیو پارٹی کے چیئرمین دانش چنہ کی ملیر یوسی چوکنڈی آمد، زمیداران و کارکنان سے ملاقات

پاکستان کنزرٹیو پارٹی کے چیئرمین دانش چنہ کی ملیر یوسی چوکنڈی آمد، زمیداران و کارکنان سے ملاقات

ملیر، پاکستان کنزرٹیو پارٹی کے چیئرمین دانش چنہ نے یوسی چوکنڈی، ضلع ملیر کا دورہ کیا جہاں زمیداران، علاقہ معززین اور پارٹی کارکنان نے ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ کی جانب سے چیئرمین پاکستان کنزرٹیو پارٹی پر پھول نچھاور کیے گئے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
دورے کے دوران علاقہ رہنما ناظم ابڑو کی سربراہی میں مختلف برادریوں اور معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں پاکستان کنزرٹیو پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کنزرٹیو پارٹی کی پالیسیوں اور عوام دوست ویژن سے متاثر ہو کر وہ پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور آئندہ بھی پارٹی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان کنزرٹیو پارٹی دانش چنہ سے ملیر کے صحافیوں نے بھی ملاقات کی۔ پارٹی سربراہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور کان ہے، صحافیوں کا کردار عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ملیر کے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان کنزرٹیو پارٹی ہمیشہ حق و سچ کی آواز کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
دانش چنہ نے مزید کہا کہ ملیر کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں، جن میں پانی، روزگار، تعلیم اور صحت جیسے مسائل سرِ فہرست ہیں۔ پاکستان کنزرٹیو پارٹی اقتدار میں آکر ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے گی اور عوام کو ان کا جائز حق دلایا جائے گا۔
اس موقع پر پاکستان کنزرٹیو پارٹی ملیر کے رہنما ناظم علی ابڑو، علی نواز گاڈھی، مٹھل گاڈھی، عثمان علی گاڈھی، محرم گاڈھی، مولانا عبدالقادر سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
دورے کے اختتام پر چیئرمین پاکستان کنزرٹیو پارٹی نے عوام سے رابطہ مہم مزید تیز کرنے اور پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا