برطانیہ کو شدید سرد موسم کے بعد اب طاقتور طوفان گوریٹی کا سامنا ہے، جس کے باعث تیز ہوائیں، بارش، برفباری اور سیلاب کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
شدید سردی اور برفباری کے بعد برطانیہ میں ایک اور موسمی چیلنج سامنے آ گیا ہے، جہاں طوفان گوریٹی تیز ہواؤں، بارش اور مزید برفباری کے ساتھ ملک کا رخ کر رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طوفان جمعرات کی دوپہر جنوب مغربی انگلینڈ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کارنوال اور آئل آف سِلی میں ہواؤں کی رفتار 90 میل فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے عمارتوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ طوفان کے اثرات انگلینڈ اور ویلز کے بیشتر علاقوں میں محسوس کیے جائیں گے، جس کے پیشِ نظر جمعرات اور جمعہ کے لیے یلو اور ایمبر وارننگز جاری کر دی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شمال مغربی علاقوں سے شروع ہونے والی بارش انگلینڈ اور ویلز میں پھیل جائے گی، جو جمعرات کی شام سرد آرکٹک ہواؤں سے ٹکرا کر برفباری میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ مشرقی ویلز اور مڈلینڈز میں 15 سینٹی میٹر جبکہ ویلز کے پہاڑی علاقوں اور پیک ڈسٹرکٹ میں 30 سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسلا دھار بارش کے باعث جنوب مغربی ویلز اور مشرقی انگلینڈ میں سیلاب کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق شدید سرد موسم کے سبب صحت کے نظام پر دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ کولڈ ویدر پیمنٹ کے تحت مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زائد گھرانوں کو مالی امداد دی جائے گی۔
دریں اثنا، ریڈنگ میں پھسلن کے باعث بس اور اسکول کوچ کے درمیان حادثہ پیش آیا، جس میں 9 بچے، کوچ ڈرائیور اور 8 دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے۔ یورپ کے دیگر حصوں میں بھی خراب موسم نے نظامِ نقل و حمل کو متاثر کیا ہے، جہاں ایمسٹرڈیم کے شپول اور پیرس کے چارلس ڈی گال ایئرپورٹس سے سیکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
0 تبصرے