کشمیر آگاہی سیمینار کے شرکاء کا حقِ خودارادیت کے اعادے پر زور

سیمینار میں وزیرِاعظم لیاقت علی خان کی 1949 کی تقریر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا

کشمیر آگاہی سیمینار کے شرکاء کا حقِ خودارادیت کے اعادے پر زور

کراچی: یوتھ فورم فار کشمیر کے زیرِ اہتمام کراچی میں یومِ حقِ خودارادیتِ کشمیر کے موقع پر ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں وزیرِاعظم لیاقت علی خان کی 1949 کی تقریر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جس میں کشمیری عوام کے مستقبل کے فیصلے کے حق کی حمایت، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کی گئی تھی۔ سیمینار میں طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، میڈیا اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خطاب کرتے ہوئے رکنِ قومی اسمبلی احمد سلیم صدیقی نے کہا کہ 1949 میں اقوامِ متحدہ کی منظور کردہ قرارداد کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی توثیق کرتی ہے، جو تاحال سلب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دیگر مقررین جن میں صابر ابو مریم (سیکریٹری جنرل، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان)، منظور (رکن، پاکستان مرکزی مسلم لیگ) اور خضراء (کوارڈینیٹر، ویمن ونگ پاکستان نظریاتی پارٹی) شامل تھے، نے متفقہ طور پر نوجوانوں میں مسئلہ کشمیر اور قومی شناخت کے حوالے سے آگاہی بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔