24 سرکاری ادارے نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تیاری—وزیر خزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت نے 24 سرکاری اداروں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پی آئی اے کی نجکاری رواں سال مکمل کر لی جائے گی۔

24 سرکاری ادارے نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تیاری—وزیر خزانہ

کراچی میں فیوچر سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری بنیاد پر معاشی ترقی ہی پائیدار ترقی کا واحد راستہ ہے اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کے معاشی استحکام کو سراہا گیا ہے۔ ایک عالمی ریٹنگ ایجنسی نے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کیا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں معاشی نظام بہتر ہو رہا ہے اور کئی ممالک اپنے معاشی ڈھانچے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ پاکستان میں کارپوریٹ سیکٹر کے منافع میں 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور حکومت سفارتی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانے کےلیے بہتر معاشی ایکو سسٹم فراہم کرے گی۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گوگل پاکستان کو ایکسپورٹ حب بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے، جبکہ حکومت کا فوکس آئی ٹی اور میری ٹائم سیکٹرز پر ہوگا تاکہ پائیدار معاشی ترقی کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو برآمدات کا مرکز بنانا ہے اور اس کے لیے اسٹرکچرل ریفارمز ناگزیر ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن سے معیشت میں شفافیت آئے گی اور قومی آمدن بڑھانے کے لیے ٹیکس نیٹ میں 9 لاکھ نئے فائلرز کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مصر نے بھی ایف بی آر اصلاحات سے سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیر خزانہ کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، اے آئی پر مبنی ترقی کے لیے ایک مضبوط ایکو سسٹم تیار کرنا ہوگا، اور پاکستان میں بلیو اکانومی کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔