ایشیا کپ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر آئی سی سی نے حارث رؤف سمیت دیگر کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ کے دوران پیش آنے والے واقعات پر فیصلہ سناتے ہوئے کئی کھلاڑیوں کے خلاف نظم و ضبط کی کارروائی کی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف، بیٹر صاحبزادہ فرحان اور بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق حارث رؤف کو دو میچز کی پابندی کے ساتھ میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ اور 2 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں۔ گزشتہ 24 ماہ میں ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد چار ہونے پر خودکار طور پر معطلی پوائنٹس لاگو ہوئے، جس کے نتیجے میں ان پر 2 میچز کی پابندی لگائی گئی۔
صاحبزادہ فرحان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آفیشل وارننگ جاری کرتے ہوئے 1 ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔
جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو پر بھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور انہیں 2 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے گئے ہیں۔
0 تبصرے