27ویں آئینی ترمیم پر سب کو اعتماد میں لیں گے، پیپلز پارٹی اور ہم ایک نقطے پر متفق ہیں: اسحاق ڈار

27ویں آئینی ترمیم پر سب کو اعتماد میں لیں گے، پیپلز پارٹی اور ہم ایک نقطے پر متفق ہیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ حکومت آئینی ترمیم لا رہی ہے اور لائے گی، پیپلز پارٹی اور ہم ایک نقطے پر پہنچ چکے ہیں اور اب دیگر اتحادی جماعتوں کو بھی شامل کریں گے۔ سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم آنے والی ہے، کوشش کریں گے کہ اسے آئین کے مطابق پیش کیا جائے، آپ اس پر تقریر کریں گے، رائے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ کمیٹی میں جائے گا، جس میں قومی اسمبلی کی کمیٹی بھی شامل ہوگی، یقین دلاتا ہوں کہ ترمیم کو جلد بازی میں منظور نہیں کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سب سے بڑی اتحادی جماعت کے ساتھ بیٹھے ہیں، دیگر اتحادی جماعتوں جیسے ایم کیو ایم، اے این پی، بی اے پی کو بھی اعتماد میں لینا ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بلاول بھٹو کا بیان دیکھا ہے، بیان دینا ان کا حق ہے، بلاول نے جن نکات کی نشاندہی کی وہ بے بنیاد نہیں تھے، ان پر بات چیت ہوئی ہے، پیپلز پارٹی اور ہم ایک نقطے پر پہنچ چکے ہیں اور اب دیگر اتحادیوں کو بھی شامل کریں گے۔