سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم 7 نومبر کو پیش کی جائے گی

ترمیمی بل سینیٹ میں پیش ہوگا، کمیٹیاں جائزہ لیں گی، اپوزیشن اور حکومت کی تیاری تیز۔

سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم 7 نومبر کو پیش کی جائے گی

سینیٹ کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27ویں آئینی ترمیمی بل 7 نومبر کو سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیاں اس بل کا تفصیلی جائزہ لیں گی، جبکہ ترمیم کا بل آئندہ ہفتے منظور کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متوقع 27ویں ترمیم پر اپوزیشن بھی متحرک ہوگئی ہے۔ محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 27ویں ترمیم پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد باضابطہ ردعمل دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئین میں تبدیلی ہمیشہ اتفاق رائے سے ہونی چاہیے اور اس معاملے پر پارٹی کی سیاسی کمیٹی حکمت عملی طے کرے گی۔ دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آئین میں ترامیم بہتری کے لیے کی جاتی ہیں، پاکستان کے آئین میں 26 ترامیم پہلے ہی ہوچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت متفق ہو تو آئین میں ترمیم کی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ 27ویں ترمیم کوئی اچانک کیا جانے والا قدم نہیں، آئین مقدس دستاویز ضرور ہے مگر حرفِ آخر نہیں۔