پی ای سی اور نادرا کے درمیان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آئی ٹی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

پی ای سی اور نادرا کے درمیان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آئی ٹی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد، پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور آئی ٹی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد پی ای سی کے ڈیٹا کی نادرا کے ڈیٹا بیس کے ساتھ ہم آہنگی کرنا، انجینئرز کی رجسٹریشن اور تصدیق کے عمل کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مؤثر بنانا اور ایک مضبوط، شفاف اور قابل اعتماد نظام تشکیل دینا ہے۔ نادرا اور پی ای سی کے مابین اس معاہدے پر دستخط کی تقریب پی ای سی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں چیئرمین پی ای سی انجینئر محمد نبیل، نادرا کے ڈی جی ریجنل ہیڈ محمد اقبال استاد، اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین پی ای سی نے کہا کہ نادرا کے تعاون سے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل کو تیز، محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق، نادرا پی ای سی کو بایومیٹرک تصدیق، ڈیٹا ویریفکیشن اور سسٹم انٹیگریشن جیسی جدید سہولیات فراہم کرے گا۔ دونوں ادارے معلومات کے تبادلے، شناخت کی توثیق، اور سیکیورٹی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مل کر کام کریں گے۔ اس تعاون سے جعلی دستاویزات کی روک تھام اور اصل انجینئرز کی شناخت میں مدد ملے گی۔