کیک نے توڑ دی 25 سالہ شادی!— شوہر نے آخری ٹکڑا کھایا، بیوی نے طلاق لے لی۔

امریکی خاتون نے شوہر کے ہاتھوں کیک کا آخری ٹکڑا کھائے جانے پر 25 سالہ شادی ختم کر دی، سوشل میڈیا پر کہانی وائرل ہوگئی۔

کیک نے توڑ دی 25 سالہ شادی!— شوہر نے آخری ٹکڑا کھایا، بیوی نے طلاق لے لی۔

امریکا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں کیک کا آخری ٹکڑا ایک شادی کے اختتام کا سبب بن گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بحث و مباحثے کی ویب سائٹ ’ریڈیٹ‘ کے پیج ’AITAH‘ پر ایک 46 سالہ خاتون نے اپنی کہانی شیئر کی جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔ خاتون نے بتایا کہ ان کے شوہر کے ساتھ اکثر جھگڑے رہتے تھے، مگر شادی کی سالگرہ پر شوہر نے تعلقات بہتر بنانے کے لیے ٹریپ پلان کیا۔ تاہم، انہوں نے اسی ہوٹل کا انتخاب کیا جس کے بارے میں دونوں نے طے کیا تھا کہ کبھی نہیں جائیں گے۔ خاتون کے مطابق کھانے کے دوران دونوں نے چیز کیک آرڈر کیا۔ شوہر نے اپنا حصہ کھا لیا جبکہ انہوں نے اپنا کیک فریج میں رکھ دیا۔ اگلی صبح جب وہ اپنا کیک کھانے گئیں تو وہ غائب تھا — صرف چند ٹکڑے باقی تھے۔ پوچھنے پر شوہر نے پہلے انکار کیا مگر بعد میں اعتراف کرلیا کہ وہی خاتون کا کیک کھا گیا۔ خاتون نے لکھا: “مجھے اُس لمحے احساس ہوا کہ یہ صرف کیک نہیں، بلکہ میری زندگی کی کہانی ہے — ہمیشہ میرے حصے کا سب کچھ شوہر لے جاتا رہا۔ میں بس ان کے کام نمٹانے اور گھر سنبھالنے کے لیے تھی۔” سوشل میڈیا پر یہ کہانی وائرل ہوتے ہی صارفین نے خاتون کی حمایت کی، کئی نے کہا کہ “یہ صرف کیک نہیں، بلکہ عزتِ نفس کی علامت تھی”۔