افغان باشندوں سمیت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو کرایہ پر مکان یا دکان دینے والوں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے... وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

پنجاب میں بڑا اقدام: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف مقدمات کا حکم

افغان باشندوں سمیت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو کرایہ پر مکان یا دکان دینے والوں کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے... وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ گھروں، دکانوں، فیکٹریوں، ہوٹلوں اور پیٹرول پمپس سمیت تمام کرایہ پر دی جانے والی پراپرٹی کی روزانہ رپورٹ جمع کروائی جائے۔ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے مساجد میں اعلانات کرانے کا بھی حکم دیا گیا، جبکہ پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ اوز کو غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹی کی رپورٹنگ کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ اجلاس میں تمام اضلاع میں فیلڈ سروے کرانے اور وزٹ ویزا یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر کام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خانیوال میں افغان باشندوں کو کرایہ داری دینے پر 5 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ صوبے بھر میں افغان شہریوں کے لیے 45 ہولڈنگ سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں جہاں ان کے قیام، طعام اور طورخم بارڈر تک منتقلی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ افغان باشندوں کی شناخت کے لیے جدید فیس ریکگنیشن ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف جاری مہم، انتہا پسند جماعتوں کی آن لائن سرگرمیوں پر کارروائی، اور مدارس کو ضروری جانچ کے بعد ڈی سیل کرنے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔