متاثرہ لڑکی نے بااثر ملزم کے خلاف مقدمہ درج نہ ہونے پر پیٹرول کی بوتل ہاتھ میں اٹھا کر خود سوزی کی دھمکی دے دی، پولیس اور انتظامیہ خاموش
رحیم یار خان کے علاقے ظفر آباد سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی انصاف کے لیے 100 فٹ اونچی پانی کی ٹنکی پر چڑھ گئی۔ متاثرہ لڑکی کے ہاتھ میں پیٹرول کی بوتل دیکھی گئی، جس نے خود سوزی کی دھمکی دے کر حکام کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔
لڑکی کی والدہ کے مطابق، ملزم طویل عرصے سے اسلحے کے زور پر زیادتی کرتا رہا اور نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرتا رہا۔ والدہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے کئی بار ویڈیوز وائرل کرنے کی دھمکی دے کر دوبارہ زیادتی کی، جبکہ پولیس مسلسل بااثر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کر رہی ہے۔
والدہ نے الزام عائد کیا کہ ایس ایچ او نے انہیں کہا کہ "ڈی پی او نے مقدمہ درج کرنے سے روکا ہے۔" متاثرہ لڑکی کی والدہ نے مزید بتایا کہ ملزم نہ صرف قتل کی دھمکیاں دے رہا ہے بلکہ اس نے نشہ آور گولیاں دے کر ان کے والد اور والدہ کی برہنہ ویڈیوز بھی بنائیں۔
اہلِ علاقہ اور متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے متاثرہ لڑکی کو انصاف فراہم کیا جائے۔
0 تبصرے