آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس کی جانب سے ایم ڈی کیٹ کے لیے اسلام آباد سمیت 10 سینٹرز قائم
سکھر (نمائندہ خصوصی) آئی بی اے ٹیسٹنگ سروس کی جانب سے میڈیکل میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ اسلام آباد سمیت 10 مختلف مراکز میں جاری ہے۔ ٹیسٹ صبح 10 بجے شروع ہوا جو تین گھنٹے تک جاری رہے گا۔
ملک بھر سے 33 ہزار 174 امیدوار میڈیکل داخلوں کے لیے ٹیسٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ سکھر میں 5165، جیکب آباد میں 519، میرپور خاص میں 1547، اسلام آباد میں 258، لاڑکانہ میں 3300، جامشورو میں 4602، حیدرآباد میں 5000، شہید بینظیر آباد میں 2488، کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی میں 5096 اور این ای ڈی یونیورسٹی میں 5200 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق تمام سینٹرز پر سگنل ڈیٹیکٹرز، میٹل ڈیٹیکٹرز اور بایومیٹرک ویریفکیشن سسٹم نصب کیے گئے ہیں، جبکہ مرد و خواتین امیدواروں کے لیے ہر سینٹر پر میڈیکل ایمرجنسی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
کراچی میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کے اوجھا کیمپس اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ٹیسٹ جاری ہے۔
حیدرآباد میں پبلک اسکول لطیف آباد، جامشورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، شہید بینظیر آباد میں قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، میرپور خاص میں میر شیر محمد ٹالپر پبلک اسکول، لاڑکانہ میں پی ٹی سی گراؤنڈ، جیکب آباد میں پبلک اسکول اور سکھر میں پبلک اسکول میں ٹیسٹ لیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس، سیکٹر ایف فائیو ون کے سینٹر میں امیدوار پرچہ حل کرنے میں مصروف ہیں۔
سینٹرز کے اندر موبائل فون، کیلکولیٹر اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز لے جانے پر پابندی عائد ہے۔
ٹیسٹ کا دورانیہ 3 گھنٹے مقرر کیا گیا ہے، جس میں مجموعی طور پر 180 سوالات (MCQs) شامل ہیں۔
بایولوجی کے 81، کیمسٹری کے 45، فزکس کے 36، انگلش کے 9 اور لاوجیکل ریزننگ سے متعلق 9 سوالات پرچہ میں شامل ہیں۔
ٹیسٹ کے نتائج شام میں اپلوڈ کیے جائیں گے۔
0 تبصرے