آڈیو لیکس تحقیقات: کمیشن کسی جج کیخلاف کوئی کارروائی کر رہا ہے نہ کریگا: جسٹس فائز

جوڈیشل کمیشن نے اٹارنی جنرل کو آڈیوز کی تصدیق کے لیے متعلقہ ایجنسی کا تعین کرنے کی ہدایت بھی کی

آڈیو لیکس تحقیقات: کمیشن کسی جج کیخلاف کوئی کارروائی کر رہا ہے نہ کریگا: جسٹس فائز

اسلام آباد: آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن نے کارروائی کا آغاز کر دیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا ہے کہ کمیشن کسی جج کے خلاف کوئی کارروائی کر رہا ہے نہ کرے گا۔ آج اٹارنی جنرل عثمان منصور اعوان کمیشن میں پیش ہوئے، سربراہ کمیشن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ کمیشن کس قانون کے تحت تشکیل دیا گیا ہے؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کمیشن انکوائری کمیشن ایکٹ 2016 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔ اس موقع جوڈیشل کمیشن نے آڈیولیکس کی کارروائی پبلک کرنے کا اعلان کردیا،کمیشن کا کہنا تھا کہ کوئی حساس معاملہ سامنے آیا تو ان کیمرا کارروائی کی درخواست کا جائزہ لیں گے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ کمیشن کی کارروائی سپریم کورٹ اسلام آباد بلڈنگ میں ہوگی، جن سے متعلق انکوائری کرنی ہے ان میں 2 بڑی عمر کی خواتین بھی شامل ہیں، اگر درخواست آئی تو کمیشن کارروائی کے لیے لاہوربھی جاسکتا ہے۔ جوڈیشل کمیشن نے اٹارنی جنرل کو کمیشن کے لیے آج ہی موبائل فون اور سم فراہم کرنے کی ہدایت کردی، جوڈیشل کمیشن کے لیے فراہم کردہ فون نمبر پبلک کیا جائےگا۔ جوڈیشل کمیشن نے اٹارنی جنرل کو آڈیوز کی تصدیق کے لیے متعلقہ ایجنسی کا تعین کرنے کی ہدایت بھی کی۔