رانا کامران کی زیر ہدایت بننے والی فلم ” وی آئی پی “کا ٹریلر جاری

تفریحی فلم ”وی آئی پی “میں انتہائی باصلاحیت نئے اداکاروں زیک اور نمرہ شاہد کو مرکزی کرداروں میں متعارف کرایا گیا ہے

رانا کامران کی زیر ہدایت بننے والی فلم ” وی آئی پی “کا ٹریلر جاری

کراچی(وسیم قریشی)معروف فلم ساز رانا کامران کی زیر ہدایت بننے والی فلم وی آئی پی کا کراچی میں ٹریلر لانچ کردیا گیا۔ معروف فلم ساز رانا کامران نامعلوم افراد‘ ماہ میر ‘لوڈ ویڈنگ اور قائد اعظم زندہ باد جیسی بلاک بسٹر فلموں میں غیر معمولی سنیماٹوگرافی کے حوالے سے مشہور ہیں۔ تفریحی فلم ”وی آئی پی “میں انتہائی باصلاحیت نئے اداکاروں زیک اور نمرہ شاہد کو مرکزی کرداروں میں متعارف کرایا گیا ہے۔ ٹریلر لانچ کی تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے جنہیں فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار تھا۔ فلم کے ٹیزر دیکھ کر حاضرین بے حد محظوظ ہوئے ‘ انہوں نے فلم کی بے حد تعریف کی اور دوران اسکریننگ ہال تالیوں سے گونجتا رہا۔ دلچسپ کہانی ‘ خوبصورت نظاروں اور منجھی ہوئی اداکاری کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ وی آئی پی دیکھنے والوں کیلئے تفریح سے بھرپور فلم ثابت ہوگی۔ وی آئی پی ایک ایسی سپر ہٹ فلم ہے جو فلم کے تمام ضروری عناصر کا احاطہ کرتی ہے۔ رانا کامران کی بے مثال ہدایت کاری کے ساتھ ساتھ اسکرین پر پیش کی جانے والی تازہ جوڑی ایک دلکش کہانی کا عندیہ دیتی ہے ۔ متاثر کن بیک گراونڈ اسکور اور انتہائی خوبصورت انداز میں تیار کردہ مناظر ناظرین کو محبت‘ مزاح‘ زندگی اور سیاست کی دنیا کی سیر کراتے ہیں۔ ایک انتہائی سیاسی معاشرے کے پس منظر پر مبنی یہ ہلکی پھلکی سیاسی کامیڈی عام لوگوں کی زندگیوں کا احاطہ کرتی ہے اور ہر منظر میں مزاح اور ایک تعلق پیدا کرتی ہے۔ باصلاحیت ایس سیما کی پروڈیوس کردہ فلم وی آئی پی کی دیگر کاسٹ میں سلیم معراج‘ احتشام الدین‘سیف حسن‘ اختر حسنین‘گل رانا‘عرفان موتی والا‘اکبر اسلام‘ دانش نواز اور دیگر شامل ہیں۔ فلم کی کہانی رانا کامران اور ثاقب ظفر کی مشترکہ تحریر کردہ اسکرین پلے اور ثاقب ظفر کی مشترکہ ہدایت کاری جب کہ ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر عمران ہارون‘ ساونڈ ڈیزائن کامران اسماعیل کی ہے۔ فلم کا ساونڈ ٹریک اور بیک گراونڈ اسکور موسیقار شانی ارشد نے ترتیب دیا ہے جب کہ گانے رضوان حسن کی تخلیق ہیں ۔ وی آئی پی‘ ہم فلمز کے بینر تلے عید الاضحی کے موقع پر ملک بھر میں ریلیز کی جائے گی۔ یہ فلم تفریح‘مزاح اور معاصر معاشرے کی پیچیدگیوں پر ایک منفرد نقطہ نظر کے بہترین امتزاج کے ناظرین کے معیار پر یقینا پورا اترے گی ۔