اقبال کے افکار پر عمل سے ہی پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ اقبال پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی اور ان کے افکار پاکستان کو اعتدال پسند، خوددار اور فلاحی ریاست بنانے کی اساس ہیں۔

اقبال کے افکار پر عمل سے ہی پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے، مریم نواز

لاہور — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب اور اہلِ پنجاب علامہ اقبال کی فکری عظمت اور ان کے انقلابی نظریات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا شعور بیدار کیا اور انہیں ایک واضح قومی سمت عطا کی۔ ان کے افکار نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کے قافلے کو منزلِ مقصود کی طرف گامزن رکھا۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے نئی نسل کو خودداری، اعلیٰ اقدار، انصاف پسندی، سچائی اور جمہوریت کا درس دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ فلسفۂ خودی پر عمل کرنا ہی اقبال سے سچی محبت اور ان کے نظریات کا حقیقی اظہار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر اقبال کے افکار پر پوری طرح عمل کیا جائے تو پاکستان کو ایک معتدل، مضبوط اور فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی شاعری اور فکر پر عمل پیرا ہونا انہیں حقیقی خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بحیثیتِ قوم اقبال کے افکار کو اپنی قومی سمت کا محور بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے، کیونکہ اقبال کے تصورِ پاکستان کو سمجھنا اور اس پر عمل کرنا ہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔