بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ زخمی ہوئے
کوہٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے کے بعد ایک بم دھماکے میں حکام کے مطابق کم از کم 12 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے ہیں۔
بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق دھماکے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
دھماکے میں تمام جماعتوں کے مرکزی قائدین محفوظ رہے تاہم بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ زخمی ہوئے ہیں۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما غلام نبی مری نے بتایا کہ یہ دھماکہ کوئٹہ کے علاقے سریاب میں واقع شاہوانی سٹیڈیم سے کچھ فاصلے پر اس مقام پر ہوا جہاں گاڑیوں کو پارک کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دھماکہ جلسے کے اختتام کے اندازاً دس سے پندرہ منٹ بعد ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ دھماکے کے وقت جلسہ گاہ سے نکلنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں سے گزر رہی تھی۔ انھوں نے خودکش حملہ آور کا دعویٰ کیا جس کی تاحال سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ایک سینیئر پولیس افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔
0 تبصرے