بھارت میں غیر ملکی خاتون سیاح سے اجتماعی زیادتی، شوہر پر تشدد

بھارت میں غیر ملکی خاتون سیاح سے اجتماعی زیادتی، شوہر پر تشدد

نئی دہلی: بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع دمکا میں ایک یورپی خاتون سیاح کو اس کے شوہر کے سامنے مبینہ طور پر سات افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ شوہر کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ جوڑا، 28 سالہ فرنانڈا اور 63 سالہ وِسنٹی، اسپین سے موٹر سائیکل پر دنیا کا سفر کر رہے تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ بھارت سے نیپال جاتے ہوئے دمکا میں رات گزارنے کے لیے کیمپ لگا کر رکے۔ رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے شوہر پر حملہ کیا اور اسے زخمی کیا، پھر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے واقعے میں ملوث تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا ہے، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ حملہ آوروں نے اس کے شوہر کی گردن پر چاقو رکھ کر جان سے مارنے کی دھمکی دی اور پھر دو گھنٹے تک اسے زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔