کراچی/گڑھی یاسین؛ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی 72 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
آغا سراج درانی گزشتہ کئی دنوں سے فالج کے حملے کے باعث کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، آج ڈاکٹروں نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔
سراج درانی 5 اکتوبر 1953 کو آغا صدرالدین کے گھر پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1971 میں سینٹ پیٹرکس ہائی اسکول سے میٹرک اور سندھ مسلم لا کالج کراچی سے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے سیاست کا آغاز 1985 میں کیا لیکن کامیاب نہ ہو سکے، تاہم 1988 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی۔
آغا سراج درانی سندھ کابینہ میں بلدیاتی اداروں کے وزیر رہے اور دو بار سندھ اسمبلی کے اسپیکر بھی منتخب ہوئے۔
انہوں نے سندھ اسمبلی کو مضبوط بنانے اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ موجودہ صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے اور "آصف زرداری آزادی کمیٹی" کے سرگرم رہنما رہے۔
سابق اسپیکر آغا سراج درانی کی میت کراچی سے ان کے آبائی گاؤں گڑھی یاسین روانہ کر دی گئی ہے، جہاں ان کی تدفین گڑھی یاسین کے قریب آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔
0 تبصرے