بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس

فورم نے بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا

بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صدارت میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ پاک فوج ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے، اور بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقدہ کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی، دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں، علاقائی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں بھارتی سول اور عسکری قیادت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ بھارتی جنگی جنون اور غیر ضروری شرپسندی سے خطے میں امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ شرکاء نے اتفاق کیا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، اور کسی بھی فرضی "نئے نارمل" کو پاکستان ایک مؤثر اور نیا جوابی "نارمل" سے توڑے گا۔ فورم نے بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے دہشتگرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔