کراچی :19سالہ دلہن پر جنسی تشدد کا افسوسناک واقعہ — صوبائی وزیر ترقی نسواں محترمہ شاہینہ شیر علی کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر کا ہنگامی دورہ، ملزم کو سخت ترین سزا دلوانے کے عزم کا اظہار
صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سندھ محترمہ شاہینہ شیر علی نے لیاری کی رہائشی 19 سالہ دلہن پر شوہر کی جانب سے مبینہ جنسی تشدد کے دل دہلا دینے والے واقعے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر، سول اسپتال کراچی کا دورہ کیا۔ وزیرِ موصوفہ نے آئی سی یو میں زیرِ علاج متاثرہ لڑکی کی عیادت کی اور ڈاکٹرز سے اس کی تازہ ترین طبی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔
ٹراما سینٹر کے ڈاکٹروں نے وزیرِ ترقی نسواں کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی کو 4 جولائی کو شدید زخمی حالت میں لایا گیا تھا اور وہ تاحال کوما میں ہے۔ ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے مطابق لڑکی کے جسم پر اندرونی چوٹوں اور جنسی زیادتی کے واضح شواہد کی تصدیق کی ہے۔
وزیرِ موصوفہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضہ کو ہر ممکن علاج اور سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے خواتین شکایتی سیل اور قانونی ٹیم کو متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطے میں رہنے اور ان کی مکمل معاونت کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
اس موقع پر محترمہ شاہینہ شیر علی نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سے بھی مشاورت کی اور ایف آئی آر کی تفصیلات حاصل کیں، جو کہ 5 جولائی کو بغدادی تھانے میں متاثرہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کی جا چکی ہے۔ وزیر موصوفہ نے پولیس کو ہدایت دی کہ کیس کی فوری اور مؤثر تفتیش کی جائے اور ملزم کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دلوائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔
محکمہ ترقی نسواں سندھ متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کو قانونی، نفسیاتی اور فلاحی مدد فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر کوشاں ہے۔
0 تبصرے