کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں شوہر نے ظلم کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے بیوی کو تیزاب پلا کر قتل کر دیا۔
نور عائشہ نامی خاتون کو جمعرات کے روز جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچنے والی خاتون جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی، جس کے بعد کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقتولہ کے والد نے اپنے داماد ایوب اور اس کے بھائی رفیق پر بیٹی کو تیزاب پلا کر قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
والد نے بیان میں کہا کہ نور عائشہ کی شادی سات سال قبل ایوب سے ہوئی تھی اور اس کی دو کمسن بیٹیاں بھی ہیں۔ ایوب کے مختلف عورتوں سے تعلقات تھے جس پر اس کی اکثر میری بیٹی سے جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ چار جولائی کو اطلاع ملی کہ ایوب اور اس کے بھائی نے تیزاب پلا کر بیٹی پر تشدد کیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
0 تبصرے