کراچی (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے حال ہی میں شوہر اور بیوی کے رشتے سے متعلق دیے گئے بیان پر وضاحت پیش کر دی۔
نادیہ جمیل نے انسٹاگرام پر وضاحتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرے بیان کو غلط سمجھا گیا ہے، میں آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ ”بیوی شوہر کی ماں نہیں ہوتی“ اور خواتین کو ایسی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے شوہر کی ماں نہیں ہوں، میرے شوہر کی ماں حیات ہے اور میرے شوہر نے کبھی مجھے ماں کی حیثیت سے نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک بیوی اور ایک ماں کے طور پر میرے کردار مختلف ہیں۔ میں اپنے شوہر کا خیال ایک الگ طریقے سے رکھنا چاہتی ہوں جبکہ اپنے بیٹے کا خیال رکھنے کا میرا انداز مختلف ہے، ہر انسان کا ایک ذاتی اور منفرد طریقہ ہوتا ہے۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ شادی کے بعد شوہر اور بیوی کا رشتہ خاص ہوتا ہے، دونوں ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں لیکن بیوی کبھی بھی شوہر کی ماں نہیں بنتی اور نہ ہی اس کی جگہ لے سکتی ہے۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں میری بات کو غلط سمجھا گیا اور غلط پیش کیا گیا، اس لیے میں نے وضاحت دینا ضروری سمجھا۔
واضح رہے کہ چند دن قبل نادیہ جمیل کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میں ماں کے طور پر اپنے بیٹے کے ناز نخرے برداشت کر سکتی ہوں، لیکن میرے بیٹے کو یہ امید نہیں رکھنی چاہیے کہ اس کی منگیتر یا بیوی بھی وہی نخرے برداشت کرے گی۔
نادیہ جمیل کے مطابق، شوہروں کو سمجھنا چاہیے کہ بیویاں ان کی مائیں نہیں ہوتیں اور عورتوں کو بھی شوہروں کی ماں بننے کی ضرورت نہیں ہے۔
0 تبصرے