دنیا کی مشہور ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب کی جانب سے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو زیادہ تر صارفین کو پسند نہیں آئے گا، خاص طور پر ان صارفین کو جو یوٹیوب شارٹس دیکھنے کے شوقین ہیں۔
واضح رہے کہ یوٹیوب شارٹس پر مختصر ویڈیوز دیکھنے کے لیے فون عموماً پورٹریٹ موڈ میں رکھا جاتا ہے، جیسے کہ ٹک ٹاک یا انسٹاگرام رِیلز دیکھی جاتی ہیں، کیونکہ فون کو اسی انداز میں ہاتھ میں پکڑنا آسان ہوتا ہے۔
لیکن اب یوٹیوب کی طرف سے ایک ایسے فیچر کی آزمائش جاری ہے جس کے ذریعے شارٹس ویڈیوز لینڈ اسکیپ موڈ میں بھی دیکھی جا سکیں گی۔
"اینڈرائیڈ اتھارٹی" کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اس وقت صرف کچھ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
اچھی بات یہ ہے کہ صارفین اس فیچر کو سیٹنگز کے Accessibility آپشن سے بند بھی کر سکتے ہیں۔
جب تک یہ فیچر آن ہوگا، تب تک جب بھی آپ کا فون روٹیٹ ہوگا تو شارٹس ویڈیوز بھی خودبخود لینڈ اسکیپ موڈ میں چلنے لگیں گی۔
لینڈ اسکیپ موڈ میں شارٹس دیکھنے کا تجربہ اچھا نہیں ہوگا کیونکہ ویڈیو اسکرین کے درمیان میں ایک چھوٹی سی جگہ پر چلے گی جبکہ اسکرین کے دائیں اور بائیں جانب خالی جگہ (بلینک اسپیس) ہوگی۔
اس کے علاوہ لینڈ اسکیپ موڈ میں ویڈیو کے آپشنز بھی اسکرین کے دائیں طرف منتقل ہو جائیں گے۔
0 تبصرے