راولپنڈی (ویب ڈیسک) – چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر کھڑا ہے، ملک نے انسانی اور معاشی سطح پر بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور پاکستان کے پاس آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور مائننگ کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں ممتاز اسکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین، عالمی میڈیا، دانشوروں اور دفاعی ماہرین سے تفصیلی اور غیر رسمی ملاقاتیں کیں۔
آرمی چیف نے امریکہ میں ممتاز تھنک ٹینکس اور اسٹریٹجک اداروں سے بھی اہم معاملات پر گفتگو کی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کرنا اور پاکستان کے اسٹریٹجک وژن کو مؤثر انداز میں پیش کرنا تھا۔
اپنے خطاب میں فیلڊ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہے اور عالمی نظام میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے "حق کی جنگ" اور آپریشن "بنیان مرصوص" پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ناقابلِ فراموش انسانی و اقتصادی قربانیاں دی ہیں، اور پاکستان کے مختلف شعبوں خصوصاً آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور مائننگ میں سرمایہ کاری کے لیے بڑے پیمانے پر مواقع موجود ہیں۔
0 تبصرے