ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیرِ سرپرستی طالب علم کی تاریخ ساز کامیابی – پاکستان نے انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں پہلی بار گولڈ میڈل جیت لیا

ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیرِ سرپرستی طالب علم کی تاریخ ساز کامیابی – پاکستان نے انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں پہلی بار گولڈ میڈل جیت لیا

اسلام آباد-ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیرِ سرپرستی طالب علم عبدالرافع کو انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ میں پاکستان کے لئے پہلی بار گولڈ میڈل جیتنے کے اعتراف میں سیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کی زیرِ صدارت ایک خصوصی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں شاندار کامیابی پر عبدالرافع کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر سیکریٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ نے کہا کہ عبدالرافع کی بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابی بنیادی طور پر وفاقی وزیر برائے سمندرپار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین کی مٹبت سوچ اور ویژن کی جیت ہے انہوں نے کہا یہ پہلا گولڈ میڈل ثابت کرتا ہے کہ ہم چوہدری سالک حسین اور وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کے مشن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی انہیں کی ہدایات کی روشنی میں حاصل ہوئی ہے جسے ہر صورت مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا سیکرٹری ذولفقار احمد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر عالمی برادری میں پاکستان کو جو مقام دلانا چاہتے ہیں یہ گولڈ میڈل اس کی طرف بڑھتا پہلا قدم ہے انہوں نے کہا یہ لمحہ پاکستان اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے لیے غیر معمولی فخر کا باعث ہے۔ عبد الرافع کی محنت، لگن اور شاندار علمی صلاحیت نے ملک کا نام عالمی سطح پر بلند کر دیا ہے۔ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر محنت کشوں کے بچوں کو معیاری تعلیم اور عالمی سطح کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ بھی دنیا میں ملک و قوم کا پرچم بلند کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ورکرز ویلفیئر فنڈ محنت کشوں کے اہل خانہ کی تعلیمی و سماجی ترقی کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے گا۔ ذولفقار احمد نے مزید کہا کہ عبد الرافع کا گولڈ میڈل اس حقیقت کا مظہر ہے کہ ادارے کی سرپرستی پاکستان کے مستقبل کے معماروں کو عالمی سطح پر کامیابی کی نئی راہیں فراہم کر رہی ہے اس موقع پر عبدالرافع نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پوری انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا انہوں نے اپنا گولڈ میڈل اپنے مرحوم والد عبدلباسط کے نام کیا جو WWF کے ملازم تھے تفصیلات بتاتے ہوئے عبدالرافع نے کہا کہ یہ کامیابی انہیں 36ویں انٹرنیشنل بائیولوجی اولمپیاڈ (IBO) میں حاصل ہوئی، جو 21 تا 27 جولائی 2025 کو فلپائن میں منعقد ہوئی۔ اس عالمی مقابلے میں دنیا بھر کے ذہین ترین طلبہ شریک ہوئے۔