کراچی پریس کلب میں موٹر رجسٹریشن کیمپ میں صحافیوں کی غیر معمولی دلچسپی

کراچی پریس کلب ایک بار پھر صحافیوں کی سہولت کا مرکز بن گیا

کراچی پریس کلب میں موٹر رجسٹریشن کیمپ میں صحافیوں کی غیر معمولی دلچسپی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پریس کلب ایک بار پھر صحافیوں کی سہولت کا مرکز بن گیا جہاں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکومت سندھ کے تعاون سے جاری موٹر رجسٹریشن کیمپ نے پیشہ ورانہ خدمت اور قانون پسندی کی ایک نئی مثال قائم کر دی۔ جدید سیکیورٹی فیچر سے مزین نئی نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے صحافیوں کی غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ موٹر رجسٹریشن کیمپ میں نہ صرف کار و موٹر سائیکل کی سیکیورٹی فیچر نمبر پلیٹ بلکہ نام کی منتقلی، اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ سمیت دیگر اہم امور پر بھی ممبران کو موقع پر ہی مکمل رہنمائی و سہولیات فراہم کی گئیں۔ موٹر رجسٹریشن کیمپ میں دو روز میں 600 سے زائد ممبران نے اس سہولت سے استفادہ کیا جو صرف ایک عددی اعدادوشمار نہیں بلکہ قانون کی بالادستی کا مظہر ہے۔ اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی سیکریٹری سہیل افضل خان اور رکن گورننگ باڈی حفیظ بلوچ کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب صرف صحافت کا مرکز نہیں بلکہ شہری شعور اور قانون کی پاسداری کی علامت بھی ہے۔ ارکان کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ صحافی اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی خصوصی دلچسپی کے باعث موٹر رجسٹریشن کیمپ کا قیام صحافی برادری اور حکومتی تعاون کا بہترین امتزاج ہے اور اس عمل سے ورکنگ جرنلسٹس کو وقت کی بچت ہوئی کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی نے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی سندھ حکومت اس طرح کی صحافی دوست سہولیات جاری رکھی گی، تاکہ صحافی برادری نہ صرف عوام کی آواز بنے بلکہ خود بھی بہترین شہری ذمے داریوں کی عملی تصویر پیش کرے.