مذاکرات میں یہی کہنا ہے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں: عمران
تحریک انصاف سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہو گی
لاہور میں ریلی سے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ کل مذاکرات میں ہم نے ایک ہی بات کہنی ہے کہ 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں ہم ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں۔
پی ٹی آئی کی ریلی کا آغاز لبرٹی گول چکر سے ہوا اور ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک رہی۔
عمران خان نے ناصر باغ میں گاڑی کے اندر سے ریلی سے خطاب کیا اور کہاکہ ہم پر جرائم پیشہ مسلط کیےگئے، یہ الیکشن سےبھاگ رہے ہیں، یہ تب الیکشن کراناچاہتے ہیں جب سمجھیں گےکہ میں راستےسے ہٹ گیا، ان کا صرف ایک مقصد ہے کہ کسی طرح مجھے ہٹائیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح طورپرکہا ہے 14 مئی کوپنجاب کا الیکشن ہوگا، سپریم کورٹ نے کہا کہ ان سے مذاکرات کریں، اگریہ متفق ہوجاتےہیں توصرف پنجاب کا نہیں پورےملک میں الیکشن ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر شرط رکھی اور کہا کہ کل مذاکرات میں ہم نے ایک ہی بات کہنی ہے کہ 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم کریں ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کے منصوبے میں پھنس کر انتظار کریں گے کہ ستمبر میں الیکشن ہوگا توکسی غلط فہمی میں نہ رہیں، 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں ختم نہ کیں تو عدالت کو کہیں گے کہ ہمیں پنجاب اور خیبرپختونخوا کا الیکشن چاہیے۔