پیر، 28 ستمبر 2026
بریکنگ

ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکا، 11 افراد شہید، 30 زخمی، سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ

تازہ ترین 27th Sep 2026 21 مناظر
ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکا، 11 افراد شہید، 30 زخمی، سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ
پشاور (ویب ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان کے درازندہ کے علاقے میں امن میلے کی چیک پوسٹ کے قریب ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں 11 افراد شہید اور 30 زخمی ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی میں سوار ایک شخص نے خودکش حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں کسٹمز اہلکاروں، ایک بچے اور 2 شہریوں سمیت 10 افراد شہید اور 30 زخمی ہوئے، جبکہ ریسکیو حکام نے جائے وقوعہ سے 11 افراد کی لاشیں منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ بھی شروع ہوگئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق درازندہ امن میلے کے قریب دھماکے کی اطلاع ملتے ہی درازندہ اسٹیشن کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ضلعی ایمرجنسی افسر محمد عارف خان کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسیں عملے سمیت جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی امدادی کارروائیوں کے دوران 30 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 11 شہداء کی لاشیں بھی جائے وقوعہ سے منتقل کردی گئیں۔ درازندہ امن میلے کی چیک پوسٹ پر حملے کے حوالے سے خیبرپختونخوا کے گورنر نے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ گورنر نے کہا ہے کہ حملہ فتنتہ الہندوستان خوارج کی ناپاک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے گی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیمیں تاحال جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور زخمیوں کو نکالنے کے ساتھ ساتھ طبی امداد فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ