جمعہ، 30 اکتوبر 2026
بریکنگ

مسلم معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے، آپاشاہدہ حسن حقانی

سندھ 21st Jun 2023 101 مناظر

مسلم معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے، آپاشاہدہ حسن حقانی

مسلم معاشرے کی تشکیل میں خواتین کا کردار اہمیت کا حامل ہے، آپاشاہدہ حسن حقانی کراچی (وسیم قریشی) ایک مضبوط کردار اور توکل علی اللہ کی حامل خاتون مسلم معاشرے کی تشکیل کا اہم ستون ہوتی ہے، بی بی ہاجرہ کی سعی و جہد ایک عظیم مقصد کے لئے تھی جو بارگاہ الٰہی میں مقبول ٹھہری،دوسری جانب آج کی عورت ہے جس کی دوڑ دھوپ کس مقصد دنیاوی مقاصد کا حصول اور نمودونمائش کے سواکچھ بھی نہیں۔ ان خیالات کااظہار جمعیت علمائے پاکستان خواتین ونگ کراچی کی چیف آرگنائزر آپا شاہدہ حسن حقانی نے خواتین مرکز گلستان جوہر میں منعقدہ سیمینار قربانی کا فلسفہ اور بی بی ہاجرہ کا کردارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حضرت ہاجرہؓ پیکر وفا تھیں،شوہر کی اطاعت گزار،اللہ کی رضا کی طلبگار تھیں،بی بی ہاجرہ کی سعی کا مقصداللہ کی وحدانیت پر یقین تھا،وہ ایمان اور توکل کی مجسم تصویرتھیں،نا مساعد حالات میں بھی سمعنا و اطعنا کے جذبے سے سرشارتھیں،ان کاکردار ہم سب کے لئیے مشعل راہ ہے۔ ایک مومنہ عورت کا اصل کرداربھی یہی ہے کہ وہ اللہ پر کامل ایمان رکھے، خود احتسابی اوراللہ و رسولﷺ کے مضبوط تعلق کے ساتھ اپنے گھرانے کی بھلائی کے لئے جہد مسلسل کرنے والی ہو، یادرکھیں ایک عورت کی اپنے خاندان کے لئے بھلائی پورے معاشرے کی اصلاح کا ذریعہ بنتی ہے۔بی بی ہاجرہ نے خاندان اور معاشرے کے لئے بے مثال قربانی دی، تاریک رات ہے، بے سرو سامانی ہے بچہ بھوک سے ایڑیاں رگڑ رہا ہے ایسے میں مقصد کی سچی لگن سعی کرواتی ہے جس کا پھل رب کائناتِ نے بھی کیا خوب دیا '' آب زمزم '' جورہتی دنیا تک کے لوگ خوب سیر ہوکر پی رہے ہیں۔حضرت ہاجرہ کی سعی و جہد کا پیغام ہے کہ اپنے آپ کو اور اپنے پیاروں کو اللہ کا بندہ بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ ہماری نسلیں حضرت اسماعیل ؑ کی سیرت و کردار کی شکل میں جنم لیں۔ حضرت ہاجرہ کی سعی ہمیں سکھاتی ہے کہ قربانی کا صلہ ضرور ملتاہے۔جو انسان بھی اللہ کی خاطر اپنے نفس،اپنے ماحول میں رائج رسموں اور دیگر برائیوں سے بچتے ہوئے اپنی خواہشات کی قربانی دے گا،یقین کامل رکھے اللہ اس کے بھروسہ و ہمت کی قدر کرے گا،قطعاً اسے ضائع نہیں کرے گا،اسکی قربانی کو قبولیت عطا کرے گا۔آج کی مائیں امت مسلمہ کی نوجوان نسلوں کو ایڑیاں رگڑنے سے بچانے اور ان کی نگہداشت اور حفاظت کرنے کے لئے یکسوئی اور استقامت کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں اور وقت کے طاغوت کے سامنے چٹان بن کر کھڑی ہو جائیں۔انہوں نے کہاکہ حضرت ابراہیم ؑ، ان کی اہلیہ اور بیٹے کی اللہکے دین کو اللہ کی زمین پر قائم کرنے کے لئے دی گئی قربانیوں کا انعام اللہ تعالیٰ نے اس طرح دیا کہ ماں، باپ اور بیٹا تینوں کے اعمال کو رہتی دنیا تک کے لئے دین اسلام کا بنیادی ستون بنادیا اور امت مسلمہ کے فرائض میں شامل کردیا اور امامت کے درجے پر فائز کردیا۔ حضرت ہاجرہ کی طرح یکسوئی اور استقامت کے ساتھ اجتماعیت سے جڑنا،اجتماعیت کو اپنا وقت قوت اور صلاحیت دینا یاد رکھیں ایک اکیلا انسان شیطان کا آسان شکار بنتا ہے، چاہے کہیں بھی ہو لہٰذا جو اللہ کی خاطر مجاہدہ کرتاہے اللہ دنیا اور آخرت میں اس کے لئے کامیابی کی راہیں کھول دیتا ہے۔آپاشاہدہ حسن حقانی نے کہاکہ جمعیت علمائے پاکستان کی جدوجہد کا مقصد اس ملک میں نظام مصطفےٰﷺ کا نفاذ اور مقام مصطفےٰﷺ کا تحفظ ہے جس کے لئے کارکنان دن رات کوشاں ہیں۔ہم تمام خواتین کو نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کی اس تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ نسلوں کی تربیت کی ذمہ داری ماؤں پر ہے اور یہ مائیں جب اپنے بچوں کی پرورش نظام مصطفےٰﷺ کی تربیت کے ساتھ کریں گی تو ملک میں نظام مصطفےٰ ﷺ کا نفاذ بہت جلد ممکن ہوسکتاہے۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ