میں چاہتا ہوں کہ وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کروں تاکہ وہ پانچ سالہ مدت پوری کریں: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو ہم نے دو مرتبہ وزیراعظم بنایا، میں چاہتا ہوں کہ ان کے ہاتھ مضبوط کروں اور شہباز شریف اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کریں۔
کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے گندم کے کاشتکاروں کے لیے 17 ارب روپے کے ’’سندھ گندم کاشتکار معاونت پروگرام 2026ء‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ شہباز شریف اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، لیکن وزیراعظم کو معاشی مشکلات پر توجہ دینے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ وزیراعظم کیا کریں؟ وہ جب بھی کوئی منصوبہ بناتے ہیں تو ان کا کوئی وزیر اپنا الگ ایجنڈا لے کر آجاتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ معاشی بحران سے نکلنے میں کافی وقت لگے گا۔ دنیا کی تمام حکومتوں کی توجہ اس بات پر ہے کہ عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ عوام کو اس بات کی فکر نہیں کہ ایک صوبہ بنے یا پانچ صوبے بنیں، عوام کو اپنی معاشی مشکلات کی فکر ہے۔ ملک کی معاشی مشکلات ختم کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ آپ مولانا فضل الرحمان اور خان صاحب کو پسند کریں یا نہ کریں، انہیں بھی مذاکرات میں شامل کرنا ہوگا۔ اگر میری نظر میں ملکی مفاد اہم نہ ہوتا تو میں بھی کہتا کہ صرف رگڑا دیتے رہو۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی توجہ محدود وسائل کے باوجود عوام کی مدد کرنے پر ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے تھر کے لیے دیے گئے پیکیج کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کو احساس ہے کہ ملک معاشی بحران، مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا کر رہا ہے۔ افسوس ہے کہ ہمارے ملک میں سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے۔ تمام سیاسی اختلافات اور لڑائیوں کو بھلا کر یہ سمجھنا چاہیے کہ ملک میں ایسا معاشی بحران پہلے کبھی نہیں آیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، ہم معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔ ہمارے خطے میں جنگ کی صورتحال ہے اور جنگ کا معاشی بوجھ پاکستان کا ہر شہری اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا، جبکہ ہمیں ابھی تک امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک میں ہم ہی واحد سیاسی جماعت ہیں جس کی سوچ یہ ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عوام تک کس طرح ریلیف پہنچایا جاسکتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چھوٹے کاشتکاروں کی نمائندگی کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بحران کے باعث ڈیزل اور کھاد کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ایسے حالات میں سندھ حکومت ہاری کارڈ کے ذریعے 6 لاکھ کاشتکاروں کی مدد کرے گی۔