دنیامیں اسلام کے پرچم کی سربلندی کے لئے خلفاء راشدین کا طرزحکمرانی اپناناہوگا؛ علامہ عرفان کمال سلطانی
دنیامیں اسلام کے پرچم کی سربلندی کے لئے خلفاء راشدین کا طرزحکمرانی اپناناہوگا؛ علامہ عرفان کمال سلطانی
کراچی ( وسیم قریشی ) دنیامیں اسلام کے پرچم کی سربلندی کے لئے خلفاء راشدین کا طرزحکمرانی اپناناہوگا، خلفاء راشدین کا دور اسلام کا زریں دورتھا جس میں اسلام نے خوب ترقی پائی۔ خلیفہ المسلمین سیدناحضرت علی المرتضیٰؓ حکمت اور ولایت کے شہنشاہ ہیں،سیدناعلی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم وہ ہستی ہیں جن کے بارے میں رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ علی مجھ سے ہے اور میں علی سے ہوں،حضرت سیدناعلی المرتضی ؓ اور آپؓ کے گھرانے سے محبت رکھناایمان اور ہمارے لئے خوش نصیبی کا باعث ہے۔ یہ باتیں یاقت آباد میں منعقدہ شہنشاہ ولایت کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے خلیفہ مجاز علامہ عارف کمال نعیمی نے کہیں۔ شہنشاہ ولایت کانفرنس سے علامہ عرفان کمال سلطانی نے خصوصی خطاب کیااور نقابت کے فرائض بھی انجام دیئے،کانفرنس میں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے خصوصی شرکت کی،اس موقع پر معروف ثنائخواں رضوان قادری، شہبازقادری، نوراخترقادری، دلشادقدیری، اسامہ قادری، حافظ بلال قادری، عرفات قادری ودیگرنے ہدیہ نعت ومنقبت پیش کیا۔ علامہ عارف کمال نعیمی نے کہاکہ حضرت علی ؓ سے محبت کا تعلق قائم کرنا حضوراکرم ﷺ سے محبت کرناہے، جوان سے محبت کرتے ہیں کامیابیاں اور کامرانیاں ان کا مقدر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خلفاء راشدین کا طرزحکمرانی وقت کی اشدضرورت ہے، اس وقت اسلام اور مسلمان سخت مشکلات اور پریشانی میں ہیں، چار مہینے ہوگئے اسرائیل کی جانب سے مسلسل فلسطین میں مسلم نسل کشی جاری ہے، ہندوستان میں متعصب ہندوبنیا مسلمانوں پر عرصہء حیات تنگ کررہاہے، مسلم بستیوں کو اجاڑا جارہاہے، ہندوستان سے اسلام کا نام ونشان مٹانے کے ایجنڈے ہندوتواپر عمل درآمد کرتے ہوئے مودی سرکار نے مساجد کو شہید کرکے مندر بناناشروع کردیئے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ عرب ممالک مسلم امہ کی حمایت کرنے کے بجائے اپنی سرپرستی میں مندر تعمیر کروارہے ہیں، پوری دنیامیں مسلمانوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے،ایسے میں مسلم حکمرانوں نے بھی بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے کسی طرف سے کوئی مؤثر آواز بلند نہیں ہورہی۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو کوئی سلطان صلاح الدین ایوبی جیسا جرنیل عطافرمادے، اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو متحد اور منظم فرمادے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بزرگان دین نے لوگوں کی اصلاح پیار اور محبت کے ذریعے فرمائی اور دین اسلام کو پھیلانے میں اپناعملی کردار انجام دیا۔ ان کا کہناتھاکہ صحابہء کرام نبی کریم ﷺ کے تربیت یافتہ تھے جہاں گئے اسلام کے جھنڈے گاڑھ کر آئے۔ بعد میں آنے والے مجاہدین اسلام نے بھی اسلام کی تعلیمات اور تربیت کے نتیجے میں کئی سوسالوں تک اسلام کا پرچم دنیاپر بلند رکھا،افسوس آج ہم اسلام کی حقیقی تعلیمات سے دور ہوکر دن بدن تنزلی کی جانب گامزن ہیں۔