اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ 5 جون کو پیش نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ قومی اقتصادی کونسل کا 3 جون کو ہونے والا اہم اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکومت بجٹ اجلاس سے قبل اہم قانون سازی کرنا چاہتی ہے، جس کے آئندہ وفاقی بجٹ پر اہم اثرات مرتب ہوں گے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی اس قانون سازی کے حق میں نہیں ہے۔
پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شگر ویلی میں اپنے خطاب کے دوران واضح پیغام دیا ہے۔
پیپلز پارٹی مجوزہ ترامیم کی مخالفت کر رہی ہے، اگر بجٹ اجلاس سے قبل ترامیم نہ ہو سکیں تو آئندہ مالی سال میں تبدیلیاں نہیں آ سکیں گی۔
پارلیمانی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیپلز پارٹی کو راضی کرنے کے لیے اہم شخصیات کو ٹاسک دیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری فی الحال گلگت بلتستان میں انتخابی مہم میں مصروف ہیں، انہیں راضی کرنے کے بعد ہی بجٹ اجلاس کی نئی تاریخ دی جا سکے گی۔
ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وفاقی بجٹ اب 8 یا 12 جون کو پیش کیا جائے گا، جبکہ قومی اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ 10 جون کو پیش ہونے کا بھی امکان ہے۔
0 تبصرے