جمعہ، 18 ستمبر 2026
بریکنگ

وزیراعلیٰ سندھ کا تحصیل سطح پر چلڈرن ہسپتال بنانے کا عزم

سندھ 28th Apr 2023 42 مناظر

وزیراعلیٰ سندھ نے کورنگی چلڈرن ہسپتال کا افتتاح کر دیا

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 200 بستروں پر مشتمل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی (SICHN) چلڈرن اسپتال کورنگی کے ساتھ 28 بستروں پر مشتمل پیڈیاٹرک انٹینسیو کیئر یونٹ (PICU) اور 52 بستروں پر مشتمل نوزائدہ انتہائی نگہداشت یونٹ (NICU)کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ کورنگی چلڈرن ہسپتال 21 وینٹی لیٹرز، 26 ہائی فلو وینٹی لیشنز اور 20 فوٹو تھراپی لائٹس سے لیس ہے۔ ہسپتال میں 41 بستروں پر مشتمل جنرل پیڈیاٹرک وارڈز ہیں اور اس میں روزانہ تقریباً 350 مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کورنگی اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو اپنے علاقے میں چلڈرن ہسپتال کے قیام پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی (SICHN) کو بھی ایسی جدید ترین سہولت کے قیام پر مبارکباد دی۔مراد شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ضلع کورنگی کے عوام کو محض تسلی دینے کے بجائے انکو بہترین روڈ انفراسٹرکچر، فلائی اوور، ٹرانسپورٹ اور اب یہ چلڈرن ہسپتال دے کر عملی طور پر انکی خدمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپتال میں متعدد سہولیات ہیں جن میں او پی ڈی، ریڈیولاجی، نوزائدہ انتہائی نگہداشت یونٹ، پیڈیاٹرکس نگہداشت یونٹ، جنرل پیڈیاٹرکس، بحالی سینٹرز، فارمیسی اور ایک تمام سہولیات سے لیس لیبارٹری شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر SICHN جمال رضا کی طرف سے دی گئی پریزنٹیشن کے دوران فیصلہ لیا گیا ہے کہ نوزائدہ بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے مزید کوششیں کی جارئیں گی۔ مراد شاہ نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان میں ہر ایک ہزار پیدائش بچوں میں سے 45.6 نوزائدہ اموات ہوتی ہیں۔ تاہم ان میں سے 80 فیصد اموات کو مناسب سہولیات کی فراہمی کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کہا کہ نوزائدہ بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے تھری ٹائر سسٹم ( انورٹڈ پیرامڈ اسٹرکچر)تجویز کیا گیا ہے جس میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے یونٹس کی فراہمی شامل ہے، اس کے بعد ثانوی نگہداشت یونٹس تحصیل سطح جس میں کینگرو مدر کیئر (KMC) ایک ماں اور نوزائدہ بچوں کے درمیان جلد کا رابطے، بار بار ماں کا دودھ پلانا اور ہسپتال سے جلد ڈسچارج) سہولیات، سیال معاونت، اور صحت کی دیکھ بھال کیلئے بنیادی اکائیوں پر مشتمل یونٹس شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر خصوصی مشاورتی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے ٹیرٹائری کیئر یونٹس قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ SICHN کے 86 فیصد مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ اعدادوشمار کے مطابق ہسپتال میں تمام سروسز میں اوسط کامیابی کا تناسب 80 فیصد سے زیادہ ہے۔ کورنگی چلڈرن ہسپتال میں 28 بستروں پر مشتمل پیڈیاٹرک انٹینسیو کیئر یونٹ (PICU) ہے جسکی کامیابی کی شرح 90 فیصد ہے اور جنرل پیڈیاٹرک اور او پی ڈی کیسز 100 فیصد کے قریب ہیں۔ مراد شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت SICHN کے کورنگی چلڈرن اسپتال کیلئے توسیعی منصوبے کے تحت پیڈیاٹرک سرجیکل یونٹ قائم کرنے جا رہی ہے جس میں ذیلی اسپیشلٹیز کیلئے خدمات، لیبارٹریز میں اضافہ اور موجودہ انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے علاوہ طبی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں اور ایک مشہور ٹریننگ ایکریڈیشن پلیٹ فارم بھی قائم کیا گیاہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جے پی ایم سی میں ایس آئی سی ایچ سیٹلائٹ سنٹر پروجیکٹ ابھی اپنے ابتدائی مراحل میں ہے اس کے باوجود اس نے اپنے 92 فیصد کیسز کو ڈسچارج کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فی دن ڈیلیوری کی اوسط تعداد 35 ہے، اور مزید کہا کہ نوزائدہ انتہائی نگہداشت کے یونٹ کو ڈاکٹر پنجوانی سنٹر فار مالیکیولر میڈیسن کے تعاون سے بڑھایا جا رہا ہے، SICHNاپنی جینیاتی جانچ کی خدمات تیار کر رہا ہے جن میں جینیاتی تغیر کے ٹیسٹ، میٹابولزم کی پیدائشی مرض کی اسکریننگ اور چائلڈ ہیلتھ اور نرسنگ میں مصنوعی ذہانت کا اطلاق شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایک ’’کولیبریشن اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ یونٹ‘‘ قائم کیا گیا ہے جہاں ڈی ایچ او ایسٹ اور کورنگی کے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سمیت دیگر 72 عملہ موجود ہے اور 36 چنیوٹ جنرل ہسپتال کو نوزائیدہ بچوں کو سنبھالنے کی تربیت دی گئی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے اسپتال کے مختلف وارڈز اور او پی ڈی کا دورہ کیا جہاں ان ماؤں سے بات چیت کی جو اپنے بچوں کو طبی معائنہ اور علاج کیلئے اسپتال لائی تھیں۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ